Present Shaikh
Ellahi-Ba-Hurmat Hazrat Syed Maqbool Ahmed Shah Damat Barkaatuhumwarnun Bakhair-a-Gardan.
حضرت سید مقبول احمد شاہ کھگہ دامت برکاتہم العالیہ
شیخ المکرم سلسلہ نقشبندیہ اُویسیہ
آپ ضلع خانیوال (موضع بھیرو وال)کے ایک متوسط زمیندار گھرانے کے چشم و چراغ ہیں۔ اکتوبر 1950ء میں وہیں پیدا ہوئے۔ آپ کے آباؤ اَجداد تقریباً آٹھ صدی قبل حجاز ِ مقدس سے براستہ بغداد برصغیر پاک و ہند کے قدیم ترین شہر ملتان کے گردو نواح میں آبسے اور دین ِ اسلام کی تبلیغ و ترویج کو اپنا شعار بنایا۔ آپ کے جد ِ امجد حضرت پیر سید جلال الدین شاہ کھگہ ہاشمی قریشی جعفری اُویسی ؒ المعروف حضرت خواجہ اُویس ؒ کا روضہ مبارک ملتان ہی میں صدیوں سے مرجع خلائق ہے۔
آپ نے ابتدائی تعلیم خانیوال کے علمی اداروں سے حاصل کی، فارمن کرسچین کالج (FC College) لاہور سے گریجویشن کے بعد پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ لیا مگر اِسی دوران مسلح افواج میں کمیشن کیلئے منتخب ہوگئے اور پیشہ وارانہ تربیت کیلئے PMAکاکول چلے گئے۔ 1972ء میں بری فوج کے توپ خانہ کی ایک یونٹ میں بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ شمولیت اختیار کی۔ 1985ء تک فوجی خدمات سر انجام دیں اور میجر کے عہدے سے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا۔
فوج کی ملازمت کے دوران ہی 1976ء میں آپ کا تعارف حضرت العلام مولانا اللہ یار خان ؒ سے ہوا، آپ اُنؒ کی شخصیت سے پہلی ہی ملاقات میں اِس قدر متاثر ہوئے کہ وہیں اُن ؒ کی شاگردی اختیار کر لی۔ اپنے شیخ ؒ کے وصال مبارک تک آپ بدستور اُن ؒ کی خدمت ِ عالیہ میں حاضر ہوتے رہے اور دین وتصوف،سلوک و معرفت اور ذکر اللہ کی برکات سے اپنے قلب و صدر اور روح کو سیراب کرتے رہے۔ اپنے شیخ ؒ کی بھرپور توجہ،شفقت و فیضان کے طفیل آپ کی زندگی کا مشن بھی دین ِ برحق کی ترویج وتبلیغ قرار پایا جس کیلئے آج تک شبانہ روز جہد ِ مسلسل میں مصروف ہیں۔
فروری 1984ء میں آپ کے شیخ ِ معظم ؒکا وصال ہوا تو آپ نے فوج سے فراغت کے بعد تادم ِ زیست اپنے آپ کو اپنے شیخ کے مشن کی تکمیل کیلئے وقف کر دیا۔ آپ نے سلسلہ نقشبندیہ اُویسیہ کے ادنیٰ خادم کی حیثیت سے امریکہ، یورپ،وسط ایشیا اور خلیجی ریاستوں کے اَسفار اختیار کئے ہیں جہاں کثیر تعداد میں لوگوں کو ذکر اللہ اور تزکیہ باطن کے نفیس و لطیف موضوعات پر گفتگو سننے کے مواقع میسر آئے ہیں۔
اِس نعمت ِ متبارکہ کی بدولت عامۃ المسلمین کو عملی تربیت کی محافل اور ذکر اللہ کی مجالس کے طفیل تعمیر سیرت نصیب ہوئی ہے۔ آج آپ کے متعلقین و متوسلین پوری دُنیا میں تبلیغ ِ اسلام،تصوف و سلوک اور معرفت کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں جس کی بدولت دن بدن دین ِ اسلام کی حقانیت لوگوں کے ظاہر و باطن میں سرایت کر رہی ہے۔
مقامی و ملکی سطح پر آپ کے مختلف پروگرام تسلسل سے جاری و ساری رہتے ہیں، روزانہ صلوٰۃ ِ مغرب کے بعد محفل ِ ذکر منعقد ہوتی ہے جس میں اطراف و اَکناف سے سالکین شمولیت فرما کر اکتساب ِ فیض کرتے رہتے ہیں۔ اِسی طرح قومی سطح پر بھی طے شدہ پروگراموں کے تحت ترویج و تبلیغ اور محفل ِ ذکر کا انعقاد ہوتا رہتا ہے۔
ہمار ا مشن
اعلائے کلمۃ اللہ۔۔۔۔۔غلبہ اسلام
ہمارا آئین۔۔۔۔۔۔۔قرآن
اور
خلافت ِ راشدہ کا نظام